پاکستان اور بھارت فوری و مکمل جنگ بندی پر تیار ہوگئے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان

امریکا (قدرت روزنامہ)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت سیز فائر کے لیے تیار ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کی ثالثی کی طویل کوشش کے بعد مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) May 10, 2025
انہوں نے کہا کہ کامن سینس اور ذہانت سے کام لینے پر میں دونوں ممالک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس معاملے پر آپ کی توجہ کا شکریہ‘۔
دریں اثنا دریں اثنا نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت نے فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کرلیا۔
Pakistan and India have agreed to a ceasefire with immediate effect. Pakistan has always strived for peace and security in the region, without compromising on its sovereignty and territorial integrity!
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) May 10, 2025
ایکس پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتا کیے بغیر خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششیں کی ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ہفتہ 10 مئی کے شام ساڑھے 4 بجے پاکستان اور بھارت نے جنگ بند کردی گئی۔
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی شب پاکستان اور آزاد کشمیر کے 5 مقامات پر حملے کیے گئے تھے جس کا پاکستانی فورسز نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارت کے 5 طیارے بھی مار گرائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے بارہا خبردار کرنے کے باوجود بھارت کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ جاری رہا اور بھارت نے ڈرون حملوں کے بعد میزائل حملوں سے پاکستانی ائیر بیسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ جس پر پاکستان نے 10 مئی کو سورج نکلنے سے پہلے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ ائیر بیسز سمیت کئی ائیر فیلڈز کو تباہ کر دیا۔
یہی نہیں بلکہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کر دیا اور ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی جام کر دیا۔ علاوہ ازیں بھارتی شہروں میں پاکستانی ڈرونز کے گشت سمیت کئی اقدامات نے بھارت کے چھکے چھڑادیے۔
