این اے 251 کے 22 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ گنتی، سیاسی جماعت کے الزامات درست نہیں، الیکشن کمیشن بلوچستان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی الیکشن کمیشن بلوچستان نے ایک سیاسی جماعت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 251 کے 22 پولنگ اسٹیشن کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے متعلقہ پولنگ بیگ کھلے پائے گئے تھے۔ الیکشن کمیشن نے اس تاثر کو سختی سے مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ تمام 22 پولنگ اسٹیشنوں کے پولنگ بیگ باقاعدہ سیل حالت میں متعلقہ ریٹرنگ آفیسر کے حوالے کئے گئے تھے اور اس سلسلے میں ریٹرنگ آفیسر نے باقاعدہ تحریری طور پر سیل پولنگ بیگز وصول بھی کئے ہیں۔ الیکشن کمیشن میڈیا اور سیاسی جماعتوں سے گزارش کرتا ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں۔
