عمران خان کے بیٹے پاکستان کے آئین و قانون کو ہاتھ میں لیں گے تو گرفتاری ہوگی: گورنر کے پی


پشاور(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے بیٹوں کی پاکستان آمد کے حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا رد عمل سامنے آگیا۔
پشاور میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے اگر پاکستان کے آئین و قانون کو ہاتھ میں لیں گے تو گرفتاری ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہریوں پر برطانیہ میں وہاں کا قانون لاگو ہوتا ہے تو پاکستان میں برطانوی شہریوں پر یہاں کا قانون لاگو ہوگا۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہاکہ احتجاج آئین اور قانون کے دائرے میں ہونا چاہیے۔ پُرامن احتجاج کرنا اور تحریک چلانا سب کا جمہوری حق ہے لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما نعیم پنجوتھا نے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئےکہا تھا کہ عمران خان کے دونوں بیٹے قاسم اور سلیمان اپنے والد کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پاکستان آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی تحریک میں شامل ہوں گی مگر تحریک کی قیادت پی ٹی آئی عہدے دار کریں گے۔

WhatsApp
Get Alert