کیا آپ بھی وظیفہ لینا چاہتے ہیں! بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن کا طریقہ جان لیں


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے ملک بھر میں ایک جامع آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے تاکہ عوام کو بینظیر کفالت پروگرام کے تحت مالی معاونت حاصل کرنے کے لیے سروے کی رجسٹریشن کے عمل سے آگاہ کیا جا سکے۔
اس سروے کا بنیادی مقصد ملک میں غربت کے اعدادوشمار کو اپ ڈیٹ کرنا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ صرف مستحق خاندان ہی حکومتی سماجی تحفظ کے نیٹ ورک سے مستفید ہو سکیں۔
بینظیر کفالت پروگرام 2008 میں شروع کیا گیا تھا، جو ہر سہ ماہی میں 13ہزار 500 روپے کی مالی معاونت کم آمدنی والے خاندانوں کو فراہم کرتا ہے۔
اس متحرک سروے کے ذریعے ان خاندانوں کا ازسرنو اندراج کیا جا رہا ہے جنہوں نے کئی سالوں سے امداد حاصل کی ہے، تاکہ شفافیت اور عدل کے اصولوں پر عمل کیا جا سکے۔
رجسٹریشن کا عمل:
مستحق خاندانوں کو قریبی بی آئی ایس پی تحصیل رجسٹریشن مرکز پر جا کر درج ذیل مراحل سے گزرنا ہوگا:
رجسٹریشن ڈیسک سے ٹوکن حاصل کریں
اپنے نمبر کے مطابق تربیت یافتہ عملے سے انٹرویو دیں
اپنے گھرانے کی موجودہ صورتحال سے متعلق درست معلومات فراہم کریں
عمل مکمل ہونے پر تصدیقی رسید حاصل کریں
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد درخواست گزاروں کو 8171 پر ایک ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں ان کی اہلیت کی تفصیل دی جائے گی۔
اہم ہدایات:
اصل قومی شناختی کارڈ اور بچوں کا ب فارم ساتھ لائیں
رابطے کے لیے اپنا موبائل نمبر فراہم کریں
حالیہ بجلی کا بل ہمراہ لائیں تاکہ تصدیق ممکن ہو
رجسٹریشن بالکل مفت ہے؛ کسی بھی قسم کی رقم کا تقاضا غیرقانونی ہے
بی آئی ایس پی نے دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے لیے موبائل وینز بھی متحرک کر دی ہیں جبکہ ایک موبائل ایپ بھی لانچ کی گئی ہے جس کے ذریعے رجسٹریشن کی پیش رفت کو ٹریک کیا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ موجودہ مستحقین کی بایومیٹرک تصدیق اور ڈیٹا کی تجدید بھی اس عمل کا حصہ ہے۔ جن خاندانوں نے گزشتہ تین سال سے امداد حاصل کی ہے ان کے لیے 30 جون تک دوبارہ رجسٹریشن ضروری ہے ورنہ امداد کی معطلی کا خدشہ ہے۔
علاوہ ازیں بی آئی ایس پی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے 90 لاکھ سے زائد خواتین مستحقین کے لیے انفرادی بینک اکاؤنٹس کھولنے پر کام کر رہا ہے تاکہ مالی شفافیت اور خودمختاری کو یقینی بنایا جا سکے۔
بینظیر کفالت کی رجسٹریشن مکمل کرنے کے بعد مستحق شہری نہ صرف سہ ماہی مالی معاونت کے اہل ہوں گے بلکہ دیگر فلاحی پروگراموں سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔
عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ 8171 سے موصول ہونے والے پیغامات پر نظر رکھیں اور قریبی بی آئی ایس پی سینٹر سے رجوع کریں۔

WhatsApp
Get Alert