ٹیسٹ کرکٹ میں ٹاپ 3 بیٹرز کے زیادہ صفر، اظہرعلی نے شرمناک ریکارڈ اپنے نام کرلیا

چٹاگانگ (قدرت روزنامہ) پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز قومی ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی تائیج الاسلام کی گیند پر گولڈن ڈک پر پویلین لوٹے . اظہر علی ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ بار بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہونیوالے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں، سابق کپتان ابتک 17 بار ڈک پر آؤٹ ہو چکے ہیں .

ریڈ بال کرکٹ میں بغیر کوئی رن بنائے سب سے زیادہ مرتبہ آؤٹ ہونیوالوں میں پہلے نمبر پر انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن ہیں جو 210 اننگز میں 20 بار صفر پر پویلین لوٹ چکے ہیں . اس فہرست میں سری لنکا کے سابق کپتان مارون اتاپتو کا دوسرا نمبر ہے جو 143 اننگز میں 17 بار صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ اظہر علی بھی 17 بار بغیر رن بنائے آؤٹ ہوچکے ہیں تاہم انکی اننگز کی تعداد 156 ہے . یاد رہے کہ چٹاگانگ ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 286 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ہے جس کے بعد بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز سکور کرلیے ہیں . چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم میں جاری میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو عابد علی 93 اور عبداللہ شفیق 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے . تاہم کھیل کے پہلے ہی اوور میں تائیج الاسلام نے پہلے عبداللہ شفیق کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر اظہر علی کو بھی گولڈن ڈک پر پویلین کی راہ دکھا دی . قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم بھی 10 رنز بنا کر مہدی حسن مرزا کی گیند پر بولڈ ہو گئے . دوسری جانب عابد علی نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی سنچری مکمل کی ، عابد علی 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے . فواد عالم 8 اور محمد رضوان 5 رنز بنا سکے جب کہ حسن علی بھی 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے . ساجد خان 5 اور نعمان علی 8 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے . فہیم اشرف نے 38 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے . بنگلا دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو وکٹیں عبادت حسین اور ایک مہدی حسن مرزا کے حصے میں آئی . دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی ٹیم میدان میں اتری تو شاہین آفریدی نے پانچویں اوور کی تیسری گیند پر اوپنر شادمان اسلام کو ایل بی ڈبلیو کر دیا جبکہ ایک گیند کے بعد دوسری گیند پر نجم الحسین کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی . نجم کا کیچ عبداللہ شفیق نے تھاما . چھٹے اوور کی آخری گیند پر حسن علی نے مومن الحق کو میدان بدر کر دیا ، مومن الحق بغیر کوئی سکور کئے پویلین لوٹے ، ان کا کیچ اظہر علی نے پکڑا . گیارہویں اوور کی پہلی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے سیف حسن کا کیچ خود ہی تھام لیا . خیال رہے کہ چٹاگانگ ٹیسٹ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 330 رنز سکور کیے تھے، بنگلا دیش کی جانب سے لٹن داس نے سنچری سکور کی تھی جبکہ مشفیق الرحیم نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے تھے . پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ دو دو وکٹیں شاہین آفریدی اور فہیم اشرف کے حصے میں آئی تھیں . . .

متعلقہ خبریں