آگ لگنے کا خطرہ،BMW کمپنی نے گاڑیوں کے مالکان کو خبردار کر دیا


کراچی (قدرت روزنامہ)BMW کمپنی نے گاڑیوں کے مالکان کو خبردار کر دیا، کمپنی کی جانب سے مالکان کو ہدایت کی گئی کہ اپنی لگژری گاڑی کو باہر پارک کریں کیونکہ ان میں آگ لگنے کے واقعات پیش آرہے ہیں۔
مشہور جرمن کار ساز کمپنی بی ایم ڈبلیو نے گاڑیوں کے مالکان کو فوری وارننگ جاری کی ہے۔
کمپنی کے مطابق بی ایم ڈبلیو کے کچھ ماڈلز میں ایسی خرابی سامنے آئی ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں میں آگ لگنے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
یہ خرابی زیادہ تر 2015 سے 2021 کے درمیان بننے والے ماڈلز میں پائی گئی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ پانی اسٹارٹر موٹر میں داخل ہو سکتا ہے، جس سے زنگ لگنے اور شارٹ سرکٹ کا خدشہ ہے، اس کے نتیجے میں گاڑی کھڑی ہونے یا سفر کے دوران اس میں آگ لگ سکتی ہے۔
کمپنی اور امریکی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن (NHTSA) نے بی ایم ڈبلیو گاڑی کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں فی الحال گھروں یا عمارتوں سے دور اور کھلی جگہوں پر پارک کریں تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
BMW نے اعلان کیا ہے کہ مرمت کا عمل جلد شروع ہوگا اور اس میں اسٹارٹر موٹر اور بعض صورتوں میں بیٹری بھی تبدیل کی جائے گی۔ یہ تمام مرمتیں مالکان کے لیے مفت ہوں گی۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ BMW کو ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ 2018 میں جنوبی کوریا نے کمپنی پر 1 کروڑ ڈالر جرمانہ کیا تھا کیونکہ ایک سال کے دوران 50 گاڑیوں میں آگ لگی تھی، اُس وقت بھی تحقیقات میں یہ سامنے آیا تھا کہ کمپنی نے 1 لاکھ 72 ہزار گاڑیوں کو بروقت واپس نہیں بلایا تھا۔

WhatsApp
Get Alert