اپوزیشن لیڈر فائنل ،محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی، راجہ ناصر سینیٹ میں نامزد ‘ پارلیمانی پارٹی نے منظوری دیدی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایات اور پشاور ہائیکورٹ سے قانونی رکاوٹیں دور ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے لیے اپوزیشن لیڈرز کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔
پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی نے متفقہ طور پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے لیے اتحادی جماعت پختونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کو نامزد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، دونوں نامزد اراکین کے نام کل (بروز منگل) باضابطہ طور پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائے جائیں گے۔
یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل ہی پشاور ہائیکورٹ نے سابق اپوزیشن لیڈرز عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی کے خلاف دائر درخواستوں پر جاری کیے گئے حکم امتناع کو واپس لے لیا تھا۔ 9 مئی کے مقدمات میں سزا کے بعد الیکشن کمیشن نے دونوں رہنماؤں کو ڈی نوٹیفائی کردیا تھا، جس کے باعث قائد حزب اختلاف کے عہدے خالی ہوگئے تھے۔
بانی چیئرمین عمران خان نے اڈیالہ جیل سے ان نامزدگیوں کی حتمی منظوری دی، جس کے بعد پارلیمانی کمیٹی نے اس پر مہر ثبت کی۔ محمود خان اچکزئی اپوزیشن اتحاد “تحریک تحفظ آئین پاکستان” کے سربراہ بھی ہیں، جبکہ علامہ راجہ ناصر عباس کی جماعت ایم ڈبلیو ایم بھی اس اتحاد کا حصہ ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی حکمت عملی پر گامزن ہے۔
