کوئٹہ: خاتون ٹیچر قتل کیس کا مرکزی ملزم زخمی حالت میں گرفتار ‘ ایک ملزم پہلے کی گرفتار کیا جاچکا تھا

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)سیریس کرائمز انویسٹی گیشن وِنگ (SCIW) نے اہم کارروائی کرتے ہوئے منوجان روڈ پر قتل کی جانے والی خاتون ٹیچر *مریم شاہوانی* کے قتل کیس میں ملوث مرکزی ملزم *اویس ولد موسیٰ محمد حسنی* کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مریم شاہوانی کو *16 اکتوبر* کو گھر کے قریب دو موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ صدر میں درج کیا گیا تھا جسے بعد میں مزید تفتیش کے لیے *SCIW* کے سپرد کیا گیا۔
ایس ایس پی عمران قریشی کی ہدایت پر تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے جدید تفتیشی طریقہ کار، ٹیکنالوجی اور *سی سی ٹی وی فوٹیجز* کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی۔
پولیس کے مطابق پہلے مرحلے میں مرکزی ملزم *محمد جہانزیب ولد محمد حنیف* کو گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ مفرور ملزم اویس کی گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپے مارے جا رہے تھے۔
گزشتہ رات پولیس نے *کلی برات* میں اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا تو ملزم اور اس کے ساتھی نے فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں *اویس اپنے ہی ساتھی کی گولی سے زخمی ہوا* جبکہ دوسرا ملزم فرار ہوگیا۔
پولیس نے زخمی ملزم کو گرفتار کرکے *سول ہسپتال کوئٹہ* منتقل کر دیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
