کوہلو: جاندران پہاڑی پر خوفناک آگ، درخت اور جنگلی حیات متاثر، محکمہ جنگلات اور لیویز کی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) کوہلو کے علاقے جاندران کی پہاڑی پر لگی آگ نے بڑے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے درخت، جھاڑیاں اور قدرتی نباتات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ محکمہ جنگلات کا عملہ محدود وسائل کے باوجود آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہے، تاہم تیز ہواؤں کے باعث شعلے تیزی سے پھیل رہے ہیں۔
ڈویژنل فارسٹ آفیسر جان محمد کاکڑ کے مطابق آگ پہاڑی علاقے میں ہونے کی وجہ سے رسائی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، تاہم محکمہ جنگلات کے اہلکار اور مقامی رضاکار آگ بجھانے کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم خدشہ ہے کہ یہ کسی غیر محتاط انسانی سرگرمی یا خشک موسم کے باعث لگی ہو۔
ڈپٹی کمشنر عظیم جان دومڑ کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے لیویز کی کیو آر ایف کا 70 جوانوں پر مشتمل خصوصی دستہ موقع پر روانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ آپریشن کی نگرانی رسالدار میجر شیر محمد مری کر رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے محکمہ جنگلات کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور مقامی آبادی کو پہاڑی علاقے کے قریب جانے سے گریز کی ہدایت دی ہے تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
ماحولیاتی ماہرین کے مطابق جاندران کے پہاڑی سلسلے میں لگی یہ آگ نہ صرف قدرتی ماحول بلکہ جنگلی حیات کے لیے بھی سنگین خطرہ بن چکی ہے۔

WhatsApp
Get Alert