شہید ولید صالح بلوچ کے قاتلوں کی عدم گرفتاری تشویشناک، حکومت اور ادارے ناکام ہوچکے ہیں، نیشنل پارٹی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے پارٹی کے بزرگ رہنما حاجی صالح بلوچ کے فرزند اور رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ کے بھائی شہید ولید صالح بلوچ کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ واقعے کو دس روز گزرنے کے باوجود قاتلوں کی گرفتاری نہ ہونا حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بے گناہ نوجوان کو، جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں تھا، شادی سے صرف دس روز قبل شہید کرنا ظلم و بربریت کی انتہا ہے۔
ترجمان کے مطابق صوبے میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک حد تک بگڑ چکی ہے، قاتل، چور اور ڈاکو آزادانہ گھوم رہے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس عوام کے تحفظ کے بجائے چیک پوسٹوں پر بھتہ خوری اور شہریوں کو ہراساں کرنے میں مصروف ہیں۔
نیشنل پارٹی ترجمان نے کہا کہ امن و امان کے نام پر 80 ارب روپے خرچ ہونے کے باوجود حالات بدترین ہیں اور عوام خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر شہید ولید صالح بلوچ کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار نہ کیا گیا تو نیشنل پارٹی ایوانوں اور سڑکوں دونوں پر بھرپور احتجاج کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert