کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں، 13 افراد گرفتار، 08 منی پیٹرول پمپس سیل، 130 کلوگرام ممنوعہ پلاسٹک تھیلے ضبط
عوامی مفاد میں کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی، ضلعی انتظامیہ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)
ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے شہر بھر میں پرائس کنٹرول، منی پیٹرول پمپس اور ممنوعہ پلاسٹک تھیلوں کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی مختلف ٹیموں نے شہر کے متعدد علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 62 دکانوں کا معائنہ کیا۔
انتظامیہ کے مطابق کارروائیوں کے دوران 13 افراد کو گرفتار کر کے جیل منتقل کیا گیا، جبکہ 130 کلوگرام ممنوعہ پلاسٹک تھیلے ضبط کیے گئے۔ مزید 17 دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے اور 08 منی پیٹرول پمپس سیل کر دیے گئے۔ متعدد دکانداروں کو تنبیہی وارننگز بھی جاری کی گئیں۔
یہ کارروائیاں ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی نگرانی میں تمام سب ڈویژنز میں بیک وقت کی گئیں۔
سب ڈویژن سریاب میں کارروائی کی قیادت اسپیشل مجسٹریٹ عزت اللہ نے کی، سب ڈویژن سٹی میں اسپیشل مجسٹریٹس اعجاز حسین اور ڈاکٹر عمران زیب نے نگرانی کی، سب ڈویژن کچلاک میں اسسٹنٹ کمشنر احسام الدین کاکڑ، جبکہ سب ڈویژن صدر میں اسپیشل مجسٹریٹ حسیب سردار نے کارروائیوں کی سربراہی کی۔
ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے اپنے بیان میں کہا کہ عوامی مفاد اور قانون کی بالادستی کے پیش نظر ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی، اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
