گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی،پاک فوج کی کاوشوں سے ہنرمند نوجوانوں کی تربیت کا مرکز بن گیا
2005 سے گوادر اور مکران کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی فنی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے، کمانڈر گوادر ڈویژن پاکستان کا مستقبل تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوانوں سے وابستہ ہے، کمانڈر گوادر ڈویژن کا طلبہ سے خطاب

گوادر (قدرت روزنامہ)پاک فوج کی کاوشوں سے گوادر کے نوجوانوں کے لیے قائم کردہ گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی خطے میں ترقی، تعلیم اور ہنرمندی کی علامت بن چکا ہے۔ یہ ادارہ 2005 سے گوادر اور مکران ڈویژن کے نوجوانوں کو جدید فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔کمانڈر گوادر ڈویژن نے انسٹیٹیوٹ کے ہونہار طلبہ و طالبات سے خصوصی ملاقات میں کہا کہ یہاں کے طلبہ بین الاقوامی معیار کی تکنیکی تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور یہی نوجوان پاکستان کے تابناک مستقبل کے معمار ہیں۔انہوں نے اس موقع پر نوجوانوں کے عزم و قابلیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ دیانتداری اور خلوصِ نیت کے ساتھ محنت ہی مضبوط پاکستان کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی پاک فوج کے اس وژن اور عزم کا مظہر ہے جس کے تحت بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور خود انحصاری کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔کمانڈر گوادر ڈویژن نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتیں علم و تحقیق کے فروغ اور ملک کی ترقی میں استعمال کریں، کیونکہ پاکستان کا مستقبل انہی باصلاحیت نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے۔
