پشتونخواہ میپ کی کوئٹہ میں وی آئی پی روٹس پر شدید تنقید، شہریوں کو ذہنی کوفت کا شکار بنانے کا الزام
زرغون، سمنگلی اور ایئرپورٹ روڈ پر بار بار ٹریفک بندش پر عوام کو درپیش مشکلات کا نوٹس لینے کے لیے عدلیہ سے اپیل 2 دسمبر کا جلسہ آئین کی بالادستی کی تحریک کو مزید تقویت بخشے گا: پشتونخوا میپ
QUETTA: A view of massive traffic jam due to road block during election for CM in Baluchistan Assembly . INP PHOTO by Adnan Ahmad
کوئٹہ( ڈیلی قدرت کوئٹہ ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر و ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا نے کہا ہے کہ 2 دسمبر کا جلسہ ملک میں آئین کی بالادستی کی جاری تحریک کو مزید تقویت بخشے گا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا میپ کے محبوب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں “تحریک تحفظ آئین پاکستان” ملک کے آئین کو تحفظ دینے کے لیے جدوجہد کررہی ہے اور اس جدوجہد میں پارٹی کے تمام کارکنوں نے فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
سید شراف آغا نے یہ خیالات ضلع کوئٹہ تحصیل سریاب کے زیر اہتمام کرانی علاقائی یونٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے شہادت کی 52ویں برسی کے جلسہ عام کی مکمل تیاری کے لیے تمام کارکنان کو شب و روز محنت کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں پر پارٹی جھنڈے لگائیں، عوامی رابطہ مہم چلائیں اور جلسہ عام کی دعوت دیں۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کوئٹہ شہر کے مقامی مسائل پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہر کے لاکھوں کی آبادی کے لیے مخصوص سڑکوں کی آئے روز ٹریفک کے لیے بندش پر شدید اعتراض کیا اور ایگل اسکواڈ، ایف سی اور پولیس کے ناکوں پر نوجوانوں اور طلباء کو تنگ کرنے اور بد اخلاقی کرنے کے ناروا اقدامات کی شدید مذمت کی۔ پارٹی نے ان اقدامات کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیا۔
مقررین نے کہا کہ وی آئی پی روٹس نے کوئٹہ کے ملازمین، اسکول کے بچوں، طلباء، اور مریضوں سمیت تمام شہریوں کو ذہنی کوفت کا شکار بنا دیا ہے۔ ہر آدھے گھنٹے بعد زرغون روڈ، سمنگلی روڈ، ایئرپورٹ روڈ پر وی آئی پی روٹس کے باعث گھنٹوں ٹریفک روک دیا جاتا ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے معزز عدلیہ سے اس کا نوٹس لینے، شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کھولنے، اور وی آئی پی روٹس کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
پشتونخوا میپ کے رہنماؤں نے کہا کہ “فارم 47 کی حکومت” کی عوام دشمن پالیسیوں کے باعث مہنگائی، بیروزگاری اور بدامنی بڑھتی جا رہی ہے، جبکہ عوام سے بنیادی سہولیات جیسے صاف پانی، روزگار، تعلیم اور صحت چھین لی گئی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ترقیاتی کام صرف نام تک محدود ہیں اور ہر شعبہ زندگی میں عوامی خدمت کرپشن و کمیشن تک مامور ہے۔ آخر میں، پارٹی رہنماؤں نے ضلع کوئٹہ کے تمام کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ 2 دسمبر کے جلسہ عام کو کوئٹہ کا تاریخی جلسہ عام بنانے کے لیے بھرپور محنت کریں۔
