ڈیجیٹل بلوچستان ویژن کی جانب بڑا قدم: بلوچستان میں موبائل ایپ کے ذریعے برتھ، نکاح اور وفات کے سرٹیفکیٹ آن لائن حاصل ہوں گے


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالروف بلوچ کی زیرِ صدارت برتھ رجسٹریشن پروگرام پر منعقدہ اجلاس میں یونیسف اور نادرا سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جہاں بچوں کی پیدائش کے بروقت اندراج کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ سیکرٹری بلدیات نے اعلان کیا کہ بلوچستان کی عوام جلد ہی ایک موبائل ایپ استعمال کرتے ہوئے اپنے اسمارٹ فونز کے ذریعے پیدائش، نکاح، اور وفات کے سرٹیفکیٹس سمیت دیگر اہم دستاویزات آن لائن حاصل کر سکے گی، جو کہ صوبے کو ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق اور بنیادی سہولیات تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پیدائش کا اندراج (Birth Registration) لازمی ہے، اور صوبائی حکومت اس مقصد کے لیے محکمہ صحت کے بنیادی مراکز اور تعلیمی اداروں کی مدد سے نچلی سطح پر اندراج کو یقینی بنا رہی ہے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کا برتھ رجسٹریشن بروقت کروائیں، کیونکہ یہ بچے کے مستقبل، قانونی شناخت، اور بنیادی حقوق (تعلیم، صحت، وراثت) کی مضبوط بنیاد ہے۔

WhatsApp
Get Alert