بلوچستان: کچھی کے علاقے کھٹن میں مسلح افراد کا پولیس تھانے، تحصیل آفس اور ہسپتال پر حملہ
پولیس اہلکار یرغمال، سرکاری اسلحہ غائب اور ریکارڈ جلا دیا گیا؛ سیکیورٹی فورسز نے ناکہ بندی کر دی

کھٹن، کچھی ( ڈیلی قدرت ) بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے کھٹن میں نامعلوم مسلح افراد نے جدید اسلحے کے زور پر پولیس تھانے پر حملہ کر کے پولیس اہلکاروں کو یرغمالی بنا لیا۔ ذرائع کے مطابق حملہ آوروں، جن کی تعداد درجنوں میں بتائی جاتی ہے، نے اہلکاروں سے سرکاری اسلحہ اور گولیاں ضبط کر لیں اور تھانے سمیت تمام سرکاری ریکارڈ کو آگ لگا کر نذر آتش کر دیا۔
مسلح افراد نے کھٹن کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے تحصیل آفس اور مقامی سرکاری ہسپتال پر بھی قبضہ کر لیا اور وہاں موجود سرکاری ریکارڈ کو بھی جلا دیا۔ مسلح افراد کی فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی، جہاں دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ تاہم، مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جس کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے تمام علاقوں کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرکے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے۔ خوش قسمتی سے، اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
