‘بلوچستان محصور و قید میں ہے’، انٹرنیٹ، بارڈر، تجارت اور ریلوے کی بندش سے عوام غم و غصے اور مایوسی کا شکار ہیں ، مولانا ہدایت الرحمن


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر و ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے صوبائی سیکرٹریٹ میں جماعت کے اجتماع عام کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بلوچستان کی موجودہ صورتحال کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آج صوبے کے عوام محصور و قید میں ہیں اور حقوق، اختیارات اور امن سے محروم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں انٹرنیٹ، بارڈرز، تجارت اور ریلوے کی بندش سے لوگ شدید پریشانی، غم و غصے اور مایوسی کا شکار ہیں، اور کرپشن و کمیشن مافیاز مسلط ہیں جو عوام کی پریشانیوں اور مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں قبرستان اور ہسپتال آباد، جبکہ شہر ویران ہیں اور نظام زندگی جام ہو چکا ہے، جبکہ جماعت اسلامی ان پریشان لوگوں کے مسائل کو اجاگر اور حل کرنے والی قوت ہے۔ اجلاس میں صوبے بھر سے اجتماع میں شرکت کرنے والے شرکاء کے لیے انتظامات، ٹرانسپورٹ، رہائش اور تنظیم کے امور کو حتمی شکل دی گئی۔

WhatsApp
Get Alert