کوئٹہ پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں — منشیات، اسلحہ، موٹر سائیکل چوری اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث 200 سے زائد ملزمان گرفتار


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کوئٹہ پولیس نے 2 نومبر 2025 سے اب تک منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں، موٹر سائیکل چوروں، اسٹریٹ کرائم میں ملوث افراد اور کرایہ داری قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ کارروائیوں کے دوران 21 منشیات فروشوں سے 32.325 کلوگرام چرس، 1 کلو ہیروئن، 36 کین شراب اور 18 پیئر برآمد کیے گئے۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے 20 ملزمان گرفتار ہوئے جن کے قبضے سے 20 پستول، 20 کار توس اور 94 راؤنڈ برآمد کیے گئے۔
موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی وارداتوں میں بھی پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 7 اسنچرز سے 4 موٹر سائیکلیں اور 1 موبائل فون جبکہ موٹر سائیکل چوری میں ملوث 8 ملزمان سے 4 موٹر سائیکلیں اور 1 لوڈر رکشہ برآمد کیا۔ کرایہ داری قوانین کی خلاف ورزی پر 22 افراد گرفتار کیے گئے اور 9 غیر کسٹم پیڈ گاڑیاں قبضے میں لی گئیں۔ اسٹریٹ کرائم میں ملوث 11 ملزمان سے 10 موٹر سائیکلیں اور 2 ایم ایکس برآمد کی گئیں۔
اشتہاری اور مفرور ملزمان کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری رہا، جس کے دوران 44 اشتہاری اور 70 مفرور پکڑے گئے۔ جبکہ گزشتہ 15 دنوں میں 1400 سے زائد افغان مہاجرین کو قانونی کارروائی کے بعد ڈپٹی کمشنر آفس کے حوالے کیا گیا۔
کوئٹہ پولیس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ شہر سے جرائم کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert