“خواجہ آصف صدر ٹرمپ کی زبان میں بات کرتے ہوئے اسے خوش کرتے ہیں، وہ اور مشرف دونوں مدارس مخالف بیان دے کر امریکہ کو خوش کرتے رہے”🕌 خواجہ آصف کا مدارس پر بیان جھوٹا اور گمراہ کن ہے: حافظ حمداللہ


لورالائی (ڈیلی قدرت) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حمداللہ نے لورالائی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کے اسلام آباد میں ہزاروں دینی مدارس کی تعمیر کے لیے قبضہ شدہ اراضی استعمال کرنے کے بیان کو جھوٹ اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اول تو اسلام آباد میں ہزاروں مدارس کہاں ہیں، اور اگر خواجہ آصف سچ کہہ رہے ہیں تو قوم اور اسمبلی میں اسے سچ ثابت کریں۔ حافظ حمداللہ نے الزام لگایا کہ خواجہ آصف ہمیشہ بے تُکے بیانات کا سہارا لیتے ہیں اور صدر ٹرمپ کی زبان میں بات کرتے ہوئے اسے خوش کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جیسا کہ سابق صدر مشرف بھی امریکی صدر کو خوش کرنے کے لیے ایسی ہی زبان استعمال کرتے تھے۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ کل خواجہ آصف بھی نہیں ہوں گے، مگر علماء، مدارس اور مساجد موجود رہیں گے۔ سابق سینیٹر نے کہا کہ جے یو آئی (ف) نے 27ویں آئینی ترمیم کو 73 کے آئین کی روح کے منافی سمجھتے ہوئے اسے مسترد کیا تھا، اور کسی بھی فیلڈ مارشل یا صدر کو آئین و قانون سے بالاتر سمجھنا اسلام کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں جب تک اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت ختم نہیں ہوگی، ملک اور عوام کا اللہ ہی حافظ ہے، اور انہوں نے موجودہ حکومت کو بوٹ کی طاقت سے وجود میں آنے والا جعلی مینڈیٹ قرار دیا جسے وہ تسلیم نہیں کرتے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ملک کو مزید بحران سے بچانے کے لیے فوری، آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کرائے جائیں۔

WhatsApp
Get Alert