سرکاری ادارے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام، اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے، رحمت صالح بلوچ

شہید ولید صالح ایک باصلاحیت نوجوان تھے، شہادت سے قوم محروم ہوگئی


پنجگور( ڈیلی قدرت )نیشنل پارٹی کے زیراہتمام بزرگ سیاسی رہنما حاجی صالح محمد بلوچ کی رہائش گاہ چتکان میں شہید ولید صالح بلوچ کا چہلم نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر قرآن خوانی، فاتحہ اور غربا میں لنگر تقسیم کیا گیا۔مرکزی جامع مسجد پنجگور کے خطیب مولوی علی احمد نے شہید کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی فاتحہ خوانی کی اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ چہلم میں ضلع بھر سے نیشنل پارٹی کے کارکنان، علمائے کرام، سیاسی رہنما، صحافی اور طلبا بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔تقریب میں نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر شاہ وش بزنجو، صوبائی صدر اسلم بلوچ، مرکزی رہنما اور ایم این اے پھلی بلوچ سمیت پارٹی کے دیگر مرکزی و صوبائی رہنما خصوصی طور پر شریک ہوئے اور شہید ولید صالح بلوچ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔نیشنل پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر رحمت صالح بلوچ نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہید ولید صالح بلوچ ایک باصلاحیت، تعلیم یافتہ اور غریب پرور نوجوان تھے جنہوں نے اپنی زندگی عوامی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ شہادت سے قوم ایک مخلص نوجوان سے محروم ہوگئی۔رحمت صالح بلوچ نے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ادارے اب تک قاتلوں تک رسائی میں ناکام رہے ہیں، تاہم اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے، اور ایک دن قاتل ضرور قانون کے کٹہرے میں ہوں گے۔

WhatsApp
Get Alert