رئیسانی خاندان کا پیپلز پارٹی سے 1971 سے نظریاتی رشتہ قائم ہے، شہدا کی قربانیاں سیاسی تاریخ کا روشن باب ہیں، نوابزادہ جمال رئیسانی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جمہوری جدوجہد اور شہدا کی قربانیاں پاکستان کی سیاسی تاریخ کا روشن باب ہیں۔نوابزادہ جمال رئیسانی کے مطابق رئیسانی خاندان کا پیپلز پارٹی کے ساتھ سیاسی رشتہ 1971 سے قائم ہے، جسے وہ ایک قابلِ فخر نظریاتی وابستگی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی نوجوان اور ترقی پسند قیادت میں مزید مضبوطی سے آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور تمام جیالوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ پاکستان اور بلوچستان کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔
