ڈیرہ بگٹی: کھانسی اور بخار نے وبائی شکل اختیار کرلی، پیرکوہ اور زین کوہ میں 3 بچے جاں بحق


ڈیرہ بگٹی ( ڈیلی قدرت )ضلع بھر میں کھانسی، گلے کی سوزش اور بخار کی صورتحال نے وبائی شکل اختیار کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق پیرکوہ میں دو جبکہ زین کوہ میں ایک بچہ جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد پیرکوہ، زین کوہ اور سیاہ آف سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شمار کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز پیرکوہ اور زین کوہ میں دو بچیوں سمیت تین بچوں کی اموات رپورٹ ہوئیں۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈیرہ بگٹی ڈاکٹر اعظم جان بگٹی نے بتایا کہ تربت سمیت بلوچستان بھر میں خشک سالی اور موسم کی تبدیلی کے باعث بخار، کھانسی اور گلے کی سوزش کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق اتوار سے صوبے بھر میں اضافی ادویات کی فراہمی شروع کی جا رہی ہے۔پیرکوہ کے بی ایچ یوز میں کل سے ایوننگ شفٹ کا آغاز کر دیا جائے گا، جبکہ ڈیرہ بگٹی ڈی ایچ کیو کے لیے دو اضافی ڈاکٹرز تعینات کیے گئے ہیں۔ ہیلتھ موبائل ٹیمیں سیاہ آف اور زین کوہ کے علاقوں کا کل سے باقاعدہ دورہ کریں گی۔محکمہ صحت نے ٹریننگ پر موجود تمام میڈیکل اسٹاف کو فوری طور پر واپس بلا لیا ہے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ خشک سالی اور موسمی تبدیلیاں بیماریوں کے پھیلا میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو سخت موسم سے بچانے کے لیے احتیاطی اقدامات ضرور اختیار کریں۔

WhatsApp
Get Alert