آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کا پشین کا دورہ، سیکیورٹی بریفنگ، پولیس دربار اور سمارٹ اسٹیشن کا معائنہ

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پولیس کو عزم، دلیری اور عوامی اعتماد کے ساتھ کام کرنا ہوگا، آئی جی محمد طاہر

پشین (قدرت روزنامہ)انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے ہفتہ کے روز پشین کا دورہ کیا، جہاں ڈی پی او پشین اور دیگر سینیئر افسران نے ان کا استقبال کیا، جبکہ پشین پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ آئی جی بلوچستان نے ڈی پی او آفس میں اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں ڈی پی او پشین عبدالعلیم اچکزئی نے ضلع کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی پولیس نے پشین میں پولیس دربار سے خطاب کیا اور لیویز سے پولیس میں ضم ہونے والے اہلکاروں اور افسران سے بھی ملاقات کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی جیسے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پولیس فورس کو بھرپور عزم، تندہی اور دلیری کے ساتھ کام جاری رکھنا ہوگا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ صوبے کی عظیم روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح بنائیں اور اپنی ذمہ داریوں کو عبادت سمجھ کر ادا کریں۔آئی جی محمد طاہر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس نہ صرف دہشت گرد عناصر کا قلع قمع کرے گی بلکہ امن و امان کے قیام کے ساتھ عوام کا اعتماد بھی مضبوط کرے گی، تاکہ پولیس معاشرے میں اپنے باوقار مقام کو مزید بلند کر سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس نے حالات کے مطابق اپنی حکمت عملی میں اہم تبدیلیاں کی ہیں، اور محدود وسائل کے باوجود امن و امان کی بہتری میں قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔دورے کے اختتام پر آئی جی پولیس بلوچستان نے پولیس لائن پشین اور سمارٹ پولیس اسٹیشن سٹی پشین کا بھی معائنہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا۔

WhatsApp
Get Alert