کوئٹہ: شدید سردی کی لہر، گیس غائب، ایل پی جی اور لکڑی کی قیمتیں آسمان پر


کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شدید سردی کی نئی لہر نے شہر بھر میں گیس کے بحران کو مزید بڑھا دیا ہے‘گزشتہ کئی دنوں سے سرد ہواؤں اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے بعد مختلف علاقوں میں گیس پریشر نہایت کم ہو گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔شہریوں کے مطابق سریاب روڈ، بروری، سیٹلائٹ ٹاؤن، ہزارہ ٹاؤن، جناح ٹاؤن اور پشتون آباد سمیت متعدد علاقوں میں صبح اور شام کے اوقات میں گیس کا پریشر تقریباً ناپید ہوتا ہے، جس کے باعث گھروں میں کھانا پکانا، پانی گرم کرنا اور ہیٹر چلانا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔صبح بچے اسکول جانے کے لیے تیار ہوتے ہیں مگر گیزر میں پانی بالکل گرم نہیں ہوتا، چولہا بھی نہیں جلتا۔ ہمیں کبھی سلنڈر، کبھی لکڑی اور کبھی کوئلہ استعمال کرنا پڑتا ہے‘گیس کی قلت کے باعث ایل پی جی سلنڈرز، لکڑی اور کوئلے کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ ایل پی جی کے نرخوں میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے جبکہ بازاروں میں لکڑی کی قیمت بھی دگنی ہو گئی ہے، جس سے کم آمدنی والے طبقات مزید مشکلات کا شکار ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لے، کیونکہ گیس کی موجودگی کے باوجود پریشر نہ ہونے سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے اگر مطالبات پر عملدرآمد نہیں کیاگیا تو بھرپور احتجاج کرینگے۔

WhatsApp
Get Alert