پشتون ملت کی نجات کسی ایک جماعت کے بس کی بات نہیں، تمام دھڑوں کو قومی محاذ بنانا ہوگا: عیسیٰ روشان/نصراللہ زیرے

پشین ( ڈیلی قدرت ) پشتونخوا نیپ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ 2 دسمبر کو خان شہید کی شہادت کی 52 ویں برسی اور ملی مبارز میرا خان مندوخیل کی 34 ویں برسی کی مناسبت سے ضلع پشین کی ضلعی کانفرنس کا کامیاب انعقاد پر ضلع پشین کے پارٹی عہدیدار اور تمام کارکن مبارکباد کے مستحق ہے۔ پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے انتہائی قلیل عرصے میں کانفرنس کے انعقاد کو کامیابی سے ہمکنار کرکے اپنی تنظیمی مضبوطی اور فعالیت کا ثبوت فراہم کیا۔ پارٹی اداروں نے بروقت اجلاسوں کے انعقاد اور ان کے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد انتہائی ضروری ہے۔ پارٹی عہدیداروں نے ابتدائی یونٹ سے لیکر پارٹی کے آخری ادارے تک تمام کی فعالیت تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا ہوگا اور پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے ہر قسم کے حالات میں پارٹی تنظیم اور اصولوں کی پابندی لازمی کرنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوا نیپ کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان ، صوبائی صدر نصر اللہ خان زیرے اور صوبائی سیکریٹری اول فقیر خوشحال کاسی نے ضلع پشین کی ضلعی ایگزیکٹیو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت ضلعی سیکریٹری ریاض خان نے کی۔ اجلاس میں مختلف امور پر فیصلے کیے گئے اجلاس میں صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز پروفیسر اسد ترین اور سید احسان آغا سمیت ضلع ایگزیکٹیو نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیپ نے ہر فورم پر پشتون افغان ملت کو درپیش سنگین صورتحال کو اجاگر کیا ہے اور پشتون قومی سیاسی تحریک کے تمام دھڑوں پر واضح کیا ہے کہ ملت کی اس سنگین صورتحال سے نجات کسی ایک پارٹی کے بس کی بات نہیں بلکہ پشتون قومی سیاسی تحریک سے منسلک تمام پارٹیوں نے واضح قومی ایجنڈے پر متحد ہوکر قومی محاذ کی تشکیل کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے عہدیدار اور کارکن پارٹی پروگرام کو گھر گھر تک پہنچانے اور پارٹی کی دعوت مہم کو وسیع کرنے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ اور پارٹی کو ضلع پشین کے تمام علاقوں میں فعال اور منظم بنانے کیلئے مزید محنت کرنی ہوگی۔ جبکہ ضلع پشین میں پارٹی کو عوام کی بھر پور حمایت حاصل ہے اور گزشتہ انتخابات میں ضلع پشین کے عوام نے پارٹی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ اب پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے عوام کے اس اعتماد پر پورا اترتے ہوئے جدوجہد کو مزید تیز کرنا ہوگا۔
