گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ایمل ولی خان سے ملاقات، صوبے میں امن و ترقی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق

پشاور (قدرت روزنامہ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال، سیاسی معاملات، ترقی و خوشحالی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل ’’سنو نیوز‘‘ کے مطابق ملاقات میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین، صوبائی جنرل سیکرٹری حسین شاہ یوسفزئی، سابق صوبائی وزیر سردار حسین بابک اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران صوبے میں پائیدار ترقی، امن و امان کے قیام، صوبے کے حقوق کے حصول اور دیگر اہم معاملات میں سیاسی جماعتوں اور قائدین کے کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے صوبے کے مسائل کے حل اور امن و ترقی کے لیے مل جل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبے کے امن اور ترقی کے لیے حکومت اور سیاسی جماعتوں کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے سیاسی قائدین پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں حکومت کی رہنمائی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سیاسی رہنماؤں کی تجاویز کا خیرمقدم کرے گی اور صوبے کے وسیع تر مفاد میں مشترکہ کوششوں کو فروغ دیا جائے گا۔
