حیرت ہوتی ہے کہ ڈھائی سو ججز اور ڈیڑھ لاکھ وکلاء ہیں پھر بھی ایک 75 سالہ بہن انصاف کے دربدر بھٹک رہی ہے، بیرسٹر گوہر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ حیرت ہوتی ہے کہ ڈھائی سو ججز اور ڈیڑھ لاکھ وکلاء ہیں پھر بھی ایک 75 سالہ بہن انصاف کے دربدر بھٹک رہی ہے، ایک بہن جو 60 دن سے زیادہ جیل میں بھی گزار بیٹھی ہے، یہ عدلیہ ظالم کو نہیں روک سکی اور مظلوم کو انصاف بھی نہیں دے سکی، جمہوریت اور قانون کی عمل داری کیلئے ایک اور میثاقِ جمہوریت پر دستخط کرنا ہوں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے آج لاہور میں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام آل پارٹیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی جذبات اور منشا کے برخلاف کی جانے والی قانون سازی ہمیشہ ناکام رہی ہے۔ ایسی قانون سازی سے عوام میں مایوسی پھیلتی ہے اور ادارے کمزور ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ کا کردار ماضی میں بھی تنازعات کی زد میں رہا ہے۔
چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترامیم نے عدلیہ کی آزادی پر قدغن لگائی اور اسے مزید کمزور کیا۔ اب اٹھائیسویں آئینی ترمیم لانے کی بات ہو رہی ہے۔ عدلیہ کی آزادی کے لیے ضروری ہے کہ انتظامیہ اور عدلیہ کے اختیارات کے درمیان واضح حد قائم رہے۔ ان دونوں ترامیم سے متعلق تحفظات کے علاوہ بھی عدالتی نظام کی اصلاح اور عدلیہ کی آزادی یقینی بنانے کے لیے قانون سازی ناگزیر ہے۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ چھبیسویں ترمیم کی منظوری سے پہلے بھی درخواستیں دائر ہوئیں، مگر ترمیم کو روکا نہ جا سکا۔ منظوری کے بعد اسے عدالت میں چیلنج کیا گیا اور ان درخواستوں پر فیصلہ ہونے سے پہلے ہی ستائیسویں ترمیم آ گئی۔ ججوں کے باہمی اختلافات، ایک دوسرے کو خطوط اور ای میلز لکھنے، بینچ اور بار میں تقسیم اور بار کے اندر سیاسی اختلافات نے عدلیہ کو کمزور کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ اس قدر کمزور ہو چکی ہے کہ وہ نہ طاقتور کو ظلم سے روک سکی اور نہ مظلوم کی داد رسی کر سکی۔ عدالتوں میں اتنے جج موجود ہیں، پھر بھی ایک پچھتر سالہ خاتون انصاف کے لیے در بدر بھٹک رہی ہے۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ان تمام حالات کے باوجود ہم موجودہ نظام کے اندر رہتے ہوئے تبدیلی چاہتے ہیں۔ جمہوریت کو مضبوط کرنے، سیاسی عمل کو آگے بڑھانے اور قانون کی عمل داری یقینی بنانے کے لیے ایک اور میثاقِ جمہوریت پر دستخط کرنا ہوں گے۔
ملکی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ ہم ایک مشترکہ قومی ایجنڈے پر آگے بڑھیں، بنیادی حقوق کا تحفظ کریں اور عوام کو انصاف فراہم کریں۔
پی ٹی آئی مرکزی سینئر رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے لاہور ہائی کورٹ بار کی جانب سے 26ویں اور 27ویں ترامیم کے حوالے سے منعقدہ تقريب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کانفرنس میں شرکت کے لیے آ رہے تھے، انہیں نظر بند کرنا اور کانفرنس میں آنے سے روکنا بنیادی جمہوری حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
آئین ہر شہری کو آزادیِ اظہارِ رائے اور نقل و حرکت کی آزادی کا حق دیتا ہے۔ ہم اس اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اگر ان کا یہ خیال ہے کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے یہ تحریک رک جائے گی تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔
اس وقت ملک میں جس طرح خوف اور ڈر کا ماحول پیدا کیا گیا ہے اور جس طرح زبردستی نظام کو چلایا جا رہا ہے، ملک اس طرح نہیں چلتے۔
ہمارے ساتھ جو کچھ ہوا وہ آپ سب کے سامنے ہے، 9 مئی کا ایک جھوٹا بیانیہ گھڑ کر، ہمیں دہشت گرد قرار دے کر ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کی گئیں۔
صرف پنجاب میں پانچ ہزار سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔
عمران خان کے خلاف تقریباً 300 سے زائد مقدمات درج کروائے گئے، حالانکہ ایک مقدمہ بھی ایسا نہیں ہے کہ اگر میرٹ پر فیصلہ ہو تو عمران خان ایک دن بھی جیل میں رہیں۔ کوٹ لکھپت جیل میں ہمارے اسیران اور عمران خان کا پورا خاندان اس وقت زیرِ عتاب ہے۔ پوری پارٹی کا بنیادی حق اور انتخابی نشان چھین لیا گیا۔
اس سب کے باوجود، فارم 45 کے مطابق ہم نے 182 سے 183 نشستیں جیتیں، اور دھاندلی کے باوجود ہماری تقریباً 92 نشستیں اسمبلی میں آئیں۔ لیکن جب انہیں اپنی حکومت کے لیے مزید عددی برتری درکار ہوئی تو ہمارے اراکین کو نااہل کر دیا گیا اور 92 سے ہمارے اراکین کی تعداد 72 رہ گئی۔ یہ ایک کھلا مذاق ہےنہ کسی قانون کا لحاظ ہے، نہ آئین کی پاسداری ہے اور نہ ہی کوئی اخلاقیات باقی رہی ہیں۔
مزید برآں لاہور ہائی کورٹ بار کی جانب سے منعقدہ تقریب میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ و قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی، سیکریٹری جنرل تحریک تحفظ آئین پاکستان و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سینیٹر کامران مرتضیٰ، بیرسٹر علی ظفر، سینئر اینکر پرسن حامد میر سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، وکلا برادری اور سیاسی جماعتوں کی قیادت نے بھرپور شرکت کی۔

WhatsApp
Get Alert