وزیراعظم، فیلڈ مارشل کو عالمی بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں پہلے نمبر پر آنے پر مبارکباد کی قرارداد منظور

لاہور(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر آنے پر مبارکباد کی قرارداد پنجاب اسمبلی سے متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
قرارداد چیف وہپ مسلم لیگ ن رانا محمد ارشد نے پیش کی، قرارداد کے متن کے مطابق رائل اسلامک اسٹریٹجک سٹڈیز سینٹر کی جاری کردہ 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر قرار پائے ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ یہ اعزاز پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے عالمی کردار اور پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی اثر و رسوخ کا اعتراف ہے، مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے دوران افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
متن کے مطابق آپریشن بنیان المرصوص کے ذریعے پاکستان نے اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کا بھرپور دفاع کیا، اس دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عسکری قیادت اور وزیراعظم شہباز شریف کی سیاسی و سفارتی مشاورت نے اہم کردار ادا کیا۔
قرارداد میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا گیا، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مشترکہ سفارتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پاکستان کی قیادت نے امریکہ اور ایران کے درمیان رابطوں، مذاکرات اور مفاہمت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں اسلام آباد میں امن مذاکراتی پیش رفت ممکن ہوئی۔
قرارداد میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس سے دفاعی تعاون، مشترکہ سلامتی اور باہمی تحفظ کے عزم کو مضبوط بنانے میں پیش رفت ہوئی۔
متن میں وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی استحکام، سفارتی روابط، قومی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی پالیسیوں کو سراہا گیا جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور افواج پاکستان کی قومی سلامتی، دفاعی خودمختاری اور علاقائی امن کے لیے خدمات کو بھی تسلیم کیا گیا۔
قرارداد میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو عالمی سطح پر بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر آنے پر مبارکباد پیش کی گئی۔
