بلوچستان کی کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور قانونی سرحدی تجارت کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے: جام کمال خان
فوڈ ایگ 2026 ایکسپو کے موقع پر صدر کوئٹہ چیمبر آف کامرس احمد گل کاکڑ سے ملاقات، برآمدات میں اضافے اور تجارتی رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق

کراچی / کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی کاروباری برادری کو درپیش مشکلات کے حل، قانونی تجارت کے فروغ اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ بلوچستان میں قانونی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ اور کاروباری طبقے کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بلوچستان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، جبکہ تجارت کا فروغ اور برآمدات میں اضافہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔یہ بات انہوں نے ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقدہ بین الاقوامی نمائش فوڈ ایگ 2026(FoodAg 2026)کے موقع پر صدر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احمد گل کاکڑ سے ملاقات کے دوران کہی۔ملاقات میں بلوچستان کی کاروباری برادری کو درپیش مسائل، ملکی و سرحدی تجارت کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور صوبے میں تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صدر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احمد گل کاکڑ نے وفاقی وزیر تجارت کو بلوچستان کی کاروباری برادری کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان جغرافیائی اعتبار سے ملکی و بین الاقوامی تجارت کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ صوبے کی سرحدی تجارت، معدنی وسائل، زرعی پیداوار اور دیگر تجارتی شعبوں میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، تاہم قانونی تجارت کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے درپیش رکاوٹوں کو دور کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کے تاجروں اور صنعت کاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاقی سطح پر مثر اقدامات کیے جائیں تاکہ کاروباری طبقے کو سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے، سرحدی تجارت کو قانونی اور منظم خطوط پر استوار کیا جا سکے اور برآمدات کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے صدر کوئٹہ چیمبر کی جانب سے پیش کیے گئے امور کو اہم قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کی کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قانونی تجارت کے فروغ، تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے حکومت چیمبر آف کامرس کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان کی تجارتی استعداد سے بھرپور استفادہ کرنے، کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے اور ملکی معیشت میں صوبے کے کردار کو مزید موثر بنانے کے لیے وفاقی حکومت اور چیمبر آف کامرس کے درمیان رابطوں اور تعاون کو مزید مستحکم کرنا ضروری ہے۔
