محمد ذیشان علی کون ہیں؟ پاک فضائیہ کے فائٹر پائلٹ سے زمین کے مدار میں جانے والے پہلے پاکستانی بننے تک کا سفر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان کی خلائی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ پاک فضائیہ کے 40 سالہ فائٹر پائلٹ محمد ذیشان علی زمین کے مدار میں داخل ہونے والے پہلے پاکستانی اور چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر جانے والے پہلے غیر چینی خلائی مسافر بننے جا رہے ہیں۔ چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کے ادارے نے منگل کو ان کی شین ژو 24 مشن میں شمولیت کا اعلان کیا۔
روئٹرز اور دیگر بین الاقوامی ذرائع کے مطابق پرواز بدھ کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر روانہ ہوگی۔
محمد ذیشان علی کون ہیں اور ان کا انتخاب کیسے ہوا؟
محمد ذیشان علی لڑاکا طیاروں کے پائلٹ رہے ہیں۔ گلف نیوز اور خلیج ٹائمز کے مطابق ان کا فوجی عہدہ ونگ کمانڈر ہے۔
فروری 2025ء میں سپارکو اور چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کے ادارے نے پاکستانی خلائی مسافروں کی تربیت کا معاہدہ کیا۔
تین مراحل پر مشتمل انتخاب میں طبی، نفسیاتی اور تکنیکی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اپریل 2026ء میں ذیشان علی اور خرم داؤد تربیت کے لیے منتخب ہوئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے 23 اپریل کو دونوں سے ملاقات کی۔ 24 اپریل کو دونوں نے بیجنگ میں تربیت شروع کی۔ بالآخر ذیشان علی کو پرواز کے لیے منتخب کیا گیا جبکہ خرم داؤد متبادل خلائی مسافر ہیں۔
سات ماہ کی سخت تربیت
ذیشان علی نے خلائی جہاز کے نظام، ہنگامی حالات، بے وزنی میں کام کرنے اور پرواز کے دوران جسم پر پڑنے والے دباؤ سے نمٹنے کی تربیت حاصل کی۔
ان کے مطابق چینی زبان سیکھنا ایک بڑا چیلنج تھا کیونکہ خلائی جہاز کے نظام اور ہدایات چینی زبان میں ہیں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق انہوں نے چینی شاعری پڑھی، گیت سیکھے، خطاطی کی مشق کی اور ٹیبل ٹینس بھی کھیلی۔ مشن سے قبل پریس کانفرنس میں انہوں نے چینی زبان میں بھی گفتگو کی۔
خلا میں کیا ذمہ داریاں ہوں گی؟
چینی خلائی مسافر تانگ ہونگ بو اور وو یی ان کے ساتھ مشن میں شامل ہیں۔
ذیشان علی پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر تقریباً ایک ہفتہ خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے۔ وہ تحقیقی آلات اور نمونے نصب کریں گے اور بائیو ٹیکنالوجی سمیت مختلف سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔ گلف نیوز کے مطابق پاکستانی جامعات سے 300 سے زائد تحقیقی تجاویز موصول ہوئی تھیں۔ تحقیق میں غذائی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق منصوبے بھی شامل ہیں۔
سپارکو کے مطابق چار مشترکہ تجربات کی تکمیل میں چھ سے بارہ ماہ لگ سکتے ہیں۔ ذیشان علی ابتدائی تجرباتی کام انجام دیں گے اور شین ژو 23 کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔
پاکستانی بچوں کے نام پیغام اور مستقبل کے خواب
ذیشان علی نے اپنی پرواز کو پوری پاکستانی قوم کی نمائندگی قرار دیا اور مستقبل میں چین کے ساتھ چاند اور مریخ تک مشترکہ خلائی مشنز کی امید ظاہر کی۔
انہوں نے پاکستانی بچوں کو بھی اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے آسمان کی طرف دیکھنے کا پیغام دیا۔ واضح رہے کہ نمرہ سلیم اکتوبر 2023ء میں ورجن گیلیکٹک کی ایسی خلائی پرواز جس میں زمین کے مدار میں داخل نہیں ہوا جاتا کے ذریعے خلا تک پہنچ چکی ہیں۔ تاہم ذیشان علی زمین کے مدار میں داخل ہونے اور خلائی اسٹیشن پر قیام کرنے والے پہلے پاکستانی ہوں گے۔ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر یہ مشن دونوں ممالک کے سائنسی تعاون کا اہم سنگ میل ہوگا۔
