امن و امان کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، سیکیورٹی مزید سخت کی جائے: آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر


کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )صوبے میں امن وامان کی فضاء کو قائم رکھنے کے لئے بلوچستان پولیس دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے سینٹرل پولیس آفس میں صوبے کے تمام رینجز کے پولیس افسران سے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں افسران نے آئی جی پولیس بلوچستان کو امن و امان کی صورتحال اور دیگر سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پولیس جاوید علی مہر، ایڈیشنل آئی جی پولیس سی ٹی سی آغا محمد یوسف، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر حسن اسد علوی، ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایا،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ بلوچستان طاہر علاؤالدین کاسی،ڈی آئی جی کرائمز برانچ بلوچستان ڈاکٹر فرحان زاہد اور اے آئی جی آپریشنز نوید عالم بھی موجود تھے۔ آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر کریں اور ہر ممکن طریقے سے عوام کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کو جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے جرائم کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے مزید کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے تمام پولیس افسران کو اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھانی ہوں گی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert