جنوبی پشتونخوا میں بجلی غائب، ٹرانسفارمرز اٹھا لیے گئے، زرعی معیشت تباہ، کیسکو نے روش نہ بدلی تو بھرپور احتجاج ہوگا: پشتونخوا نیپ کا الٹی میٹم

کوئٹہ( ڈیلی قدرت کوئٹہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پورے صوبہ بالخصوص جنوبی پشتونخوا کے اضلاع میں بجلی کا نام و نشان تک باقی نہیں رہا۔ کئی کئی دنوں اور ہفتوں سے مکمل بلیک آٹ کی صورتحال ہے، جبکہ کیسکو کی جانب سے مختلف علاقوں کے متعدد فیڈرز مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔اور فیڈرز کے تمام آلات و سامان کیسکو کے حکام نے اٹھاکر لے گئے ہیں جوکہ ہمارے عوام کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کئی علاقوں سے کیسکو حکام نے باقاعدہ طور پر ٹرانسفارمرز اٹھا لیے ہیں اور جہاں کہیں ٹرانسفارمر موجود بھی ہیں وہاں صرف سنگل فیز بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جو عوام کی ضروریات پوری کرنے سے مکمل طور پر قاصر ہے۔ اس صورتحال کے باعث نہ صرف گھریلو صارفین شدید اذیت میں مبتلا ہیں بلکہ زمیندار طبقہ بھی مکمل طور پر تباہ حالی کا شکار ہو چکا ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ زرعی شعبہ، جو پہلے ہی مہنگائی، خشک سالی اور حکومتی عدم توجہی کا شکار ہے، بجلی کی طویل بندش کے باعث مزید بحران سے دوچار ہو چکا ہے۔ زرعی ٹیوب ویلز بند پڑے ہیں، فصلیں سوکھ رہی ہیں اور زمینداروں کو ناقابلِ تلافی معاشی نقصان کا سامنا ہے۔ مزید یہ کہ زرعی صارفین کو دی جانے والی محدود سبسڈی بھی ختم کر دی گئی ہے، جس سے زمینداروں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی عدم فراہمی کے باعث تعلیمی ادارے، خصوصا اسکولز اور کالجز میں تدریسی عمل بری طرح متاثر ہو رہا ہے، جبکہ طلبہ و طالبات شدید ذہنی دبا کا شکار ہیں۔ اسی طرح ہسپتالوں اور بنیادی صحت کے مراکز میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جو انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔بازاروں میں بجلی سے متعلق کام کرنے والے جیسے کمپیوٹرز، ویلڈنگ اور دیگر کاروبار ٹپ ہوکر رہ گیاہے جس سے دوکاندار کرایہ دینے سے بھی قاصر ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اس صورتحال کو صوبائی حکومت اور کیسکو کی مکمل نااہلی، بے حسی اور عوام دشمن پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری طور پر بجلی کی فراہمی بحال نہ کی گئی، بند فیڈرز نہ کھولے گئے، ٹرانسفارمرز واپس نصب نہ کیے گئے اور جنوبی پشتونخوا کے عوام کو ان کا بنیادی حق نہ دیا گیا تو پارٹی عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوگی۔ آخر میں پارٹی نے واضح کیا ہے کہ بجلی عوام کا بنیادی حق ہے اور اس حق سے محروم رکھنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی، جمہوری اور سیاسی راستہ اختیار کرے گی۔
