نوکنڈی: ریکوڈک کے قریب آئل ٹینکر اور زمباد گاڑی میں خوفناک تصادم، 11 افراد جاں بحق، 9 شدید زخمی
مرنے والوں میں تفتان کا ڈرائیور اور 10 افغان باشندے شامل زخمیوں کو علاج کے بعد ڈی پورٹ کر دیا گیا: ایس پی چاغی

چاغی( ڈیلی قدرت کوئٹہ)پاک ایران سرحدی شہر نوکنڈی کے علاقے ریکودک کے قریب آئل ٹینکر اور ایرانی زمباد گاڑی کے درمیان پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ گزشتہ شب دیر گئے پیش آیا جس نے پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا۔نوکنڈی ہسپتال ذرائع کے مطابق ریکودک کے قریب ایک آئل ٹینکر اور ایرانی زمباد گاڑی آمنے سامنے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں زمباد گاڑی میں سوار 11 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ 9 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر نوکنڈی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ایس پی چاغی محمد شریف کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے گاڑی کے ڈرائیور کی شناخت خدانظر ولد عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق سرحدی شہر تفتان سے تھا، جو حادثے کے وقت موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ جاں بحق ڈرائیور کی میت ضروری قانونی کارروائی کے بعد تفتان روانہ کر دی گئی۔ایس پی چاغی نے مزید بتایا کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے دیگر تمام افراد کا تعلق افغانستان سے تھا۔ ابتدائی طبی امداد اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد زخمیوں کو جاں بحق افراد کی میتوں کے ہمراہ افغانستان ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی، جبکہ پولیس اور متعلقہ اداروں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
