نئی الیکٹرک بائیک خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے خوشخبری، صوبائی حکومت کا بڑا فیصلہ

لاہور (قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے اساتذہ کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک نئی الیکٹرک بائیک اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس اسکیم کا مقصد اساتذہ کو کم لاگت، ماحول دوست اور آسان سفری سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ باآسانی اپنے تعلیمی اداروں تک پہنچ سکیں۔
اسکیم کے تحت اساتذہ ابتدائی قسط ادا کر کے الیکٹرک بائیک حاصل کر سکیں گے، جبکہ بقیہ رقم کی ادائیگی ادارہ جاتی سطح پر آسان اقساط میں ممکن ہو گی۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے اساتذہ پر مالی بوجھ کم ہوگا اور انہیں مہنگے ایندھن سے نجات ملے گی۔ الیکٹرک بائیک اسکیم سے نہ صرف اساتذہ کی آمد و رفت آسان ہوگی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی بھی آئے گی۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اس منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اساتذہ کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خواتین اساتذہ کے لیے مفت اسکوٹیز فراہم کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر خواتین اساتذہ کے لیے ایک خصوصی پیکیج تیار کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ان کی سفری مشکلات کو کم کرنا اور انہیں مزید سہولت فراہم کرنا ہے۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ حکومت اساتذہ کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے لیے جدید سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ دنوں میں اس منصوبے سے متعلق مزید تفصیلات، اہلیت کے معیار اور درخواست دینے کے طریقہ کار کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یہ اسکیم اساتذہ کی پیشہ ورانہ زندگی میں آسانی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
