کوئٹہ میں لاقانونیت کا راج، سر شام موٹرسائیکلیں چھینی جا رہی ہیں: ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی
پولیس اور انتظامیہ خواب غفلت کے مزے لے رہی ہے، شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے: مرکزی بیان

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ )ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں کوئٹہ شہر میں جاری لاقانونیت، رہزنی، چوری اور بدامنی کے واقعات کو جعلی مسلط صوبائی حکومت کی نااہلی اور انتظامیہ و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اپنے فرائض سے غفلت و کوتاہی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئے روز شہر کے مصروف سڑکوں، گلیوں و محلوں میں رہزنی اور جرائم کے دیگر واقعات رونما ہورہے ہیں مگر انتظامیہ و قانون نافذ کرنے والے ادارے خواب غفلت کے مزے لینے میں مصروف ہیں بیان میں کہا گیا کہ گذشتہ کچھ عرصے سے اسپینی روڑ، بروری و دیگر علاقوں میں دن دھاڑے اور سر شام کے دوران موٹر سائیکلیں چننے کے واقعات رونما ہورہے ہیں بعض واقعات میں رہزنی کے دوران مذاحمت کرنے والے شہریوں کو فائرنگ کرکے زخمی بھی کیا جاچکا ہے یہ واقعات ایسے علاقے میں ہورہاہے جہاں ہر وقت پولیس و دیگر اداروں کے اہلکارگشت پر رہتے ہیں بیان میں کہا گیا کہ بدترین بدامنی کی وجہ سے عام شہری عدم تحفظ کا شکار اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوتاہیوں سے سخت نالاں ہیں ایسی صورتحال میں جبکہ عوام شدید عدم تحفظ میں مبتلا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مایوس ہوتے جارہے ہیں ضرورت اس بات کی ہے عوام کے تحفظ کے زمہ دار ادارے خواب غفلت سے اٹھ کر اپنے فرائض کی انجام دہی شروع کریں اور لاقانونیت کے مرتکب جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کاروائی کرکے شہر کی گلیوں و سڑکوں کو محفوظ بنائیں ۔
