کوئٹہ میں بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں، پانی گھروں اور دکانوں میں داخل، نظام زندگی مفلوج:نکاسی آب کا نظام فیل ہوگیا، بجلی اور گیس بھی غائب، انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)کوئٹہ میں حالیہ بارش کے بعد شہر کی بیشتر سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کا پانی سڑکوں پر نکل آنے سے اہم شاہراہیں اور اندرونی گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، جبکہ جگہ جگہ کیچڑ اور گڑھے بننے سے گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو مشکلات کا سامنا رہا‘شہر کے مختلف علاقوں جناح روڈ، سریاب روڈ، سبزل روڈ، بروری روڈ، کاسی روڈ، اسپنی روڈ اور نواں کلی میں نکاسی آب کا ناقص نظام ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا۔ بارش کا پانی کئی گھنٹوں تک سڑکوں پر جمع رہا جس سے ٹریفک جام معمول بن گیا۔ متعدد گاڑیاں پانی میں بند ہو گئیں جبکہ موٹر سائیکل سوار پھسل کر گرنے کے واقعات بھی پیش آئے بارش کے باعث کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا جس سے شہریوں کا قیمتی سامان خراب ہو گیا۔ دکانداروں نے شکایت کی کہ بارش کے ساتھ ہی سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہو کر رہ گئیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر بار بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے لیکن نکاسی آب کے مستقل انتظامات نہیں کیے جاتے شدید بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی، جس سے عوام کو سرد موسم میں مزید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ بجلی بند ہونے سے گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ کاروباری طبقہ بھی متاثر ہوا۔ بعض علاقوں میں گیس کی کمی کی شکایات بھی سامنے آئیں، جس سے شہریوں کو کھانا پکانے میں دشواری ہوئی‘شہریوں نے میونسپل کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش سے قبل نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث سڑکیں زیرِ آب آ جاتی ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے، سڑکوں پر جمع پانی فوری نکالا جائے اور آئندہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بار بار اس اذیت ناک صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

WhatsApp
Get Alert