کوئٹہ شہر میں بڑھتی مہنگائی جعلی مسلط کردہ فارم 47حکومت کی ناکامی ‘ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے ضلعی بیان میں کوئٹہ شہر میں جاری بڑھتی مہنگائی کو جعلی مسلط کردہ فارم 47 حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ چور صوبائی حکومت ہر شعبے میں بہتری اور کامیابی کے بجائے بدتر اور ناکام ہوتی جا رہی ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں بےروزگاری اور کمزور معاشی حالت میں عام آدمی کا زندگی کا پہیہ چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے، رہی سہی کسر مہنگائی نے پوری کر دی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کی کارکردگی بھی محض سوشل میڈیا اور فوٹوسیشن کی حد تک ہیں کیونکہ انکی کارروائیوں سے اب تک عام آدمی کو کوئی ریلف ملا ہے اور نا ہی گرانفروش انکے مقرر کردہ نرخ پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔ کوئٹہ شہر میں آٹے کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے جو عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا اثر عام عوام کی زندگی پر براہ راست ہوتا ہے اب غریب عوام کو دو وقت کی روٹی بھی مہنگی پڑ رہی ہیں۔ اس وقت علمدار روڈ، مری آباد، مومن آباد، ناصر آباد، ہزارہ ٹاؤن اور نیو ہزارہ ٹاؤن کے تمام علاقوں میں تندور مالکان نے روٹی کی قیمت 30 روپے سے بڑھا کر 60 روپے کر دی ہے جو کہ عوام کیساتھ سراسر ناجائز ہے۔ اس سے پہلے بھی 30 روپے والی روٹی کا وزن بھی مقرر کردہ وزن سے کم تھا اب ڈبل روٹی کے نام پر غریب عوام کو کم وزن میں دوگنی قیمت پر روٹی فروخت کر رہے ہیں۔ بیان میں ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بالعموم کوئٹہ شہر میں مہنگا آٹا فروخت کرنے اور بالخصوص مری آباد اور ہزارہ ٹاؤن کے تمام علاقوں میں تندور مالکان کے خلاف جعلی اور فوٹوسیشن والی نہیں بلکہ عملی اور سخت کارروائی کریں اور انہیں انتظامیہ کیجانب سے مقرر کردہ نرخوں پر آٹا اور روٹی فروخت کرنے پر پابند کریں۔
