پاک برطانیہ تجارت پہلی بار ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاک برطانیہ تجارت پہلی بار ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر حکمتِ عملی سے پاکستان ترقی اور عالمی اعتماد کے دور میں داخل ہو گیا ہے۔
برطانیہ نے پاکستان کے ساتھ ترقیاتی شراکت داری ازسرِنو استوار کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان برطانوی وزیر ترقی کی جانب سے دورہ پاکستان کے دوران کیا گیا۔
پاکستان اور برطانیہ نے 8 برس بعد ترقیاتی مکالمہ اور سرمایہ کاری پر اتفاق کیا ہے، پاک برطانیہ تجارت پہلی بار 5.5 ارب پاؤنڈ کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔
برطانوی وزیر نے کہا کہ تجارتی تعلقات روزگار اور معاشی ترقی کو فروغ دے رہی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور برطانوی وزیر نے کاروباری اصلاحاتی پیکج کا اجرا کیا۔
واضح رہے کہ رواں مالی سال غیر ملکی سرمایہ کاری میں مثبت رجحان برقرار رہا، 731 غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 524 نئی کمپنیوں کے ساتھ 1.26 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی۔
چین، برطانیہ، جرمنی، جنوبی افریقہ، ویتنام، امریکہ اور یو اے ای سمیت متعدد ممالک کی کمپنیوں نے پاکستان میں رجسٹریشن کرائی، غیر ملکی سرمایہ کاری میں 71 فیصد حصے کے ساتھ چین سرفہرست ہے۔

WhatsApp
Get Alert