سندھ

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے شیر شاہ دھماکے کا نوٹس لے لیا

کراچی (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے شیر شاہ کے قریب ہونے والے دھماکے کا نوٹس لے لیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو تفصیلی انکوائری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انکوائری میں پولیس کا افسر بھی شامل کیا جائے تاکہ ہر پہلو سے چھان بین ہوسکے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا دھماکے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری صحت کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ سول اسپتال میں تمام ضروری سہولتیں فوری طور پر فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ اسپتال اور جائے وقوع پر پہنچ کر متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے شیر شاہ میں زیرِ زمین گزرنے والے سیوریج کے بند نالے میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں نجی بینک کی عمارت تباہ ہوگئی ہے۔بینک کی اطراف کی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ واقعے میں 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں