سرحدی تجارت بند کرنا عوام دشمن پالیسی، حل ضابطہ کاری اور سہولت کاری ہے،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

تربت (قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے بارڈر ٹریڈ کمیٹی کے وفد نے نیشنل پارٹی تربت سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ وفد نے سرحدی راستوں کی بندش کے باعث عوام کو درپیش شدید معاشی مشکلات، بے روزگاری اور روزمرہ زندگی پر پڑنے والے منفی اثرات سے پارٹی سربراہ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بارڈر ٹریڈ بلوچستان کے عوام کی معاشی زندگی کا بنیادی ذریعہ ہے اور صوبے میں روزگار کے مواقع پہلے ہی محدود ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کے ہزاروں خاندان سرحدی تجارت پر منحصر ہیں، اور اس کی بندش عوام کو فاقہ کشی اور معاشی بدحالی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سرحدیں قانونی تجارت، روزگار اور ترقی کے لیے استعمال ہوتی ہیں، مگر یہاں عوام کی جائز اور قانونی تجارت کو سمگلنگ قرار دے کر بند کیا جا رہا ہے، جو سراسر ناانصافی اور عوام دشمن پالیسی ہے۔ سابق وزیر اعلی نے کہا کہ بارڈر ٹریڈ کا حل بندش نہیں بلکہ ضابطہ کاری، سہولت کاری اور عوام دوست اقدامات ہیں۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے یقین دہانی کرائی کہ نیشنل پارٹی بارڈر ٹریڈ کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور ان کے جائز مطالبات کے حق میں ہر آئینی، جمہوری اور سیاسی فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی بارڈر ٹریڈ کے تحفظ، بحالی اور عوام کے معاشی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی اور کمیٹی کے احتجاج کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔
