’پختونوں کا خون سستا سمجھنے والوں کو اب حساب دینا ہوگا‘، عمران خان کے سپاہی پیچھے نہیں ہٹیں گے: وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی

پشاور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی اسمبلی کے ایوان میں ایک جذباتی اور گرج دار خطاب کے ذریعے وفاق اور مقتدر حلقوں کو سخت ترین پیغام دیتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ اب بند کمروں میں بیٹھ کر پختونخوا کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا دور گزر چکا ہے اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو حساب دینا ہوگا۔

انہوں نے پختونوں کی محرومیوں اور حالیہ بدامنی پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “پختونوں کا خون پانی سے بھی سستا سمجھنے والوں” کو اب عوامی غیظ و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
کیونکہ عمران خان کے نظریاتی سپاہی اپنی دھرتی اور اپنے قائد کے حقوق کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔

سہیل آفریدی نے موجودہ انتظامی رویوں کو عوام کے منہ پر طمانچہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر صوبے کے آئینی حقوق اور وسائل پر شب خون مارنے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو خیبرپختونخوا سے ایسی احتجاجی تحریک اٹھے گی جو پورے ملک کے ایوانوں کو ہلا کر رکھ دے گی۔
