سبی میں پولیو مہم کا ایوننگ ریویو اجلاس، تمام رہ جانے والے بچوں کو قطرے پلانے کی ہدایت

سبی (قدرت روزنامہ) – ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی کی صدارت میں پولیو مہم کے آخری روز ایوننگ ریویو اجلاس منعقد ہوا، جس میں مہم کے دوران اسٹل مسڈ، این اے اور انکاری والدین کے بچوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رہ جانے والے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے فوری طور پر ری ویکسینیشن ٹیمیں روانہ کی جائیں۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور فیلڈ ٹیموں کے ہمراہ رہ جانے والے بچوں کو کور کر کے پولیو کے قطرے پلائے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے سختی سے ہدایت کی کہ آج ہی تمام رہ جانے والے بچوں، بشمول انکاری والدین کے بچوں، کو مکمل آگاہی دے کر پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔ انہوں نے انکاری بچوں کے والدین سے فون پر تفصیلی بات چیت کی، انہیں قطرے پلانے کی اہمیت سے آگاہ کیا اور فوری طور پر ٹیمیں ان کے گھروں کو بھجوا کر بچوں کو قطرے پلائے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور ہر صورت سو فیصد کوریج یقینی بنائی جائے۔
