ٹی 20 ورلڈکپ کا افتتاحی میچ، نیدرلینڈ کا پاکستان کو جیت کیلئے 148 رنز کا ہدف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا ہے۔
کولمبو میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر نیدر لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیدرلینڈ کی جانب سے مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 28 رنز کا آغاز فراہم کیا، پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی میکس اوڈووڈ تھے جو 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
نیدر لینڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لیوٹ تھے جو محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہوئے، مائیکل لیوٹ نے 24 رنز اسکور کیے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے ڈچ کھلاڑی ایکرمین تھے جو 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ باس ڈی لیڈ 30 رنز بنا کر محمد نواز کا دوسرا شکار بنے۔
پاکستان کی جانب سے پانچویں وکٹ محمد ابرار نے حاصل کی جبکہ نیدرلینڈ کے چھٹے اور ساتویں کھلاڑی کو صائم ایوب نے آؤٹ کیا۔ وین ڈر مرفی نیدر لینڈ کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہیں شاہین آفریدی نے سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
آخری اوور میں سلمان مرزا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اس طرح پوری ڈچ ٹیم 147 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ نیدر لینڈ کی ٹیم 160 کے 170 کے درمیان اسکور کر لے گی لیکن پاکستانی بولرز نے میچ میں شاندار کم بیک کیا اور آخری 6 وکٹیں صرف 20 رنز کے عوض حاصل کیں۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ صائم ایوب، ابرار احمد اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، ایک وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی۔
نیدرلینڈز کی جانب سے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ باس ڈی لیڈ 30 ، مائیکل لیوٹ 24 اور کولن ایکرمین 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان آغا کا کہنا تھا سری لنکا میں پہلی بار ایسی پچ دیکھ رہاہوں ، ٹیم میں 3 پیسرز ہیں، جو منصوبہ بندی کی ہے اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم اور عثمان خان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب نیدر لینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ اگر ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بولنگ کو ترجیح دیتے مگر پہلے بیٹنگ پر بھی کوئی اعتراض نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ میچ ہمارے لیے بہت اہم ہے، بالکل اسی طرح جیسے باقی تین میچز بھی فیصلہ کن حیثیت رکھتے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شریک 20 ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایونٹ کے پہلے روز 3 میچز ہوں گے۔
گزشتہ روز پاکستانی ٹیم نے بھرپور پریکٹس بھی کی تھی، جبکہ میچ کے دوران بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے اس لیے ٹاس بہت زیادہ اہم ہوگا۔
آج ہونے والے دیگر میچوں میں ویسٹ انڈیز اسکاٹ لینڈ کا سامنا کرے گا جبکہ بھارت کی ٹیم آمریکا کے مدمقابل ہوگی۔
