بلوچستان حکومت ایران کے ساتھ کھڑی، امن و استحکام کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، شاہد رند

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور Shahid Rand نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہر سفارتی اور اخلاقی فورم پر ایران کی مکمل حمایت کی ہے اور اقوام متحدہ میں بھی ایران کے خلاف حملے کی واضح مذمت کی گئی ہے۔
شاہد رند نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ بلوچستان حکومت بھی قومی مؤقف کے ساتھ کھڑی ہے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کی خواہاں ہے۔ انہوں نے صوبے کی مذہبی جماعتوں، سیاسی رہنماؤں اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال میں جذباتیت کے بجائے تحمل، بردباری اور دانشمندی کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، تاہم احتجاج کو تشدد یا قانون ہاتھ میں لینے کی شکل دینا دشمن کے مذموم عزائم کو تقویت دے سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور کسی کو بھی بدامنی پھیلانے یا عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ صوبے میں ہم آہنگی، بھائی چارہ اور امن کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ قیامِ امن کے پیش نظر بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ ہے اور عوام کو مفادِ عامہ میں قوانین کی پابندی کو یقینی بنانا ہوگا۔
شاہد رند نے کہا کہ قومی اتحاد، داخلی استحکام اور بلوچستان کا امن پاکستان کی اصل طاقت ہیں، اور ہم سب کو مل کر انہیں مضبوط بنانا ہوگا۔
