حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55،55 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55،55 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کردیا، فیصلے کا اطلاق رات12بجےسے ہوگا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں خطے کی صورتحال کشیدہ ہو ئی ،ایران پر حملے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے جائزے کیلئے کمیٹی بنائی گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے،تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام اور ملکی معیشت پر منفی اثرات پڑیں گے،کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔مختلف ممالک کیساتھ رابطے میں ہیں تاکہ خطے میں کشیدگی کم کی جاسکے۔
اس موقع پر وزیر خزانہ محمداورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کمیٹی قائم کی گئی،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر خطیر اضافہ ہو رہا ہے، توانائی اور پاکستان کی معیشت ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم میکرو اسٹیبلٹی کے حوالے سے اچھی پوزیشن پر ہیں،ڈیمانڈ مینجمنٹ اور لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے وزیر پیٹرولیم نے بہت کوششیں کی ہیں۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جا رہا ہے،دنیا بھر میں توانائی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ سامنے آ رہا ہے،یکم مارچ کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر ہم نے نظرثانی کی،اس وقت پیٹرول کی قیمت 78 ڈالر،ڈیزل کی قیمت88 ڈالر فی بیرل تھی۔
آج ان کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہو چکا ہے،مجبوراً ہمیں قیمتوں میں اضافے کا مشکل فیصلہ کرنا پڑ رہا ہے،پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جا رہا ہے،جیسے ہی صورتحال بہتر ہوگی، قیمتوں کو واپس اپنی سطح پر لائیں گے،ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا،قیمتوں میں اضافے کا اطلاق آئندہ ایک ہفتے کیلئے رات 12 بجے سے ہو گیا ۔

WhatsApp
Get Alert