رمضان کے آخری عشرے کی 27 ویں شب، حرمین شریفین میں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے تراویح، تہجد اور دعا میں شرکت


لاہور (قدرت روزنامہ)رمضان المبارک کے آخری عشرے کی 27 ویں شب، حرمین شریفین میں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے تراویح، تہجد اور دعا میں شرکت کی، جس کے دوران روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بڑی تعداد میں سعودی شہری، مقیم غیر ملکی اور زائرین پہلے سے موجود تھے۔ دونوں مساجد کی تمام منزلیں، دالان، تہ خانے، چھتیں، اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹل کی راہداریاں نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔
ادارہ امور حرمین نے اس موقع پر زائرین کی سہولت کے لیے مثالی انتظامات کیے۔ انتظامیہ نے 27 ویں شب کے عظیم الشان اجتماع کے لیے اضافی عملہ، سکاوٹس اور رضا کار تعینات کیے تاکہ نمازیوں اور زائرین کی آمد و رفت منظم ہو۔
اس سال انتظامیہ نے خصوصی گراونڈ یونٹ بھی متعارف کرایا، جسے زائرین خدمت سینٹر کے ذریعے فعال کیا گیا۔
ٹیموں کو فوری ترجمے کے لیے ڈیجیٹل ڈیوائسز فراہم کی گئیں تاکہ مختلف ممالک سے آنے والے زائرین کے مسائل فوری حل کیے جا سکیں۔
گراونڈ یونٹس مسجد الحرام کے اندر، بیرونی صحنوں اور چھتوں پر تعینات کیے گئے تاکہ زیادہ سے زیادہ زائرین کی بروقت خدمت ممکن ہو۔
زائرین کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف مقامات پر ڈیجیٹل سکرینز نصب کی گئیں، جن کے ذریعے صحنِ مطاف اور مسجد الحرام کے اندرونی حالات کے بارے میں فوری معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
یہ انتظامات زائرین کے لیے سہولت اور عبادات کے بہترین تجربے کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert