پی ٹی اے نے کمپنیوں کو فائیو جی سروس شروع کرنے کی اجازت دے دی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کمپنیوں کو فائیو جی سروس شروع کرنے کی اجازت دے دی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں جدید ترین ٹیلی کام ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے موبائل کمپنیوں کو فائیو جی سروس شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
اس سلسلے میں جاز، یوفون اور زونگ کو فائیو جی لائسنس جاری کر دیے گئے ہیں۔ پی ٹی اے کے مطابق ملک بھر میں فائیو جی سروسز کا آغاز مرحلہ وار کیا جائے گا اور ابتدائی طور پر یہ سروس صرف مخصوص اور محدود علاقوں میں دستیاب ہوگی۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ تمام سیلولر کمپنیا اپنی ویب سائٹس پر ان علاقوں کی فہرست جاری کریں گی جہاں فائیو جی کوریج دستیاب ہوگی۔
واضح رہے کہ فائیو جی سروس صرف ان موبائل فونز پر کام کرے گی جو اس ٹیکنالوجی کے ساتھ مطابقت رکھتے ہوں، جبکہ سروس کا معیار نیٹ ورک اور علاقے کی دستیابی پر منحصر ہوگا۔
پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے فونز میں فائیو جی سیٹنگز کو فعال رکھیں اور بہتر کارکردگی کے لیے موبائل سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ رکھیں۔ اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں جدید فائیو جی ٹیکنالوجی کی فراہمی اور ڈیجیٹل انقلاب کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔

WhatsApp
Get Alert