عراق کی طرح ایران جنگ پر بھی جھوٹ بولا جا رہا ہے، ٹرمپ نے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں: سینیٹر برنی سینڈرز اور الحان عمر کی کڑی تنقید

واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں نے ایران کے خلاف جاری جنگ کو بلاجواز اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ منی سوٹا میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے معروف سینیٹر برنی سینڈرز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص نے پورے ملک کے قانون کو اپنے ہاتھ میں لے رکھا ہے اور صدر ٹرمپ اپنی پالیسیوں سے پوری دنیا کو سنگین بحران سے دوچار کر رہے ہیں۔ برنی سینڈرز کا کہنا تھا کہ امریکی تاریخ میں اس سے پہلے کبھی کسی نے طاقت کا اتنا غلط استعمال نہیں کیا جتنا موجودہ دور میں دیکھا جا رہا ہے۔
سینیٹر برنی سینڈرز نے ماضی کی تلخ یادوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح عراق جنگ شروع کرنے کے لیے قوم سے جھوٹ بولا گیا تھا، بالکل اسی طرح آج ایران کے خلاف جنگ کے معاملے پر بھی عوام سے جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ امریکہ میں بادشاہت کی کوئی گنجائش نہیں اور عوام کو بادشاہت نہیں بلکہ قانون کی حکمرانی چاہیے۔ دوسری جانب، ڈیموکریٹک پارٹی کی اہم رہنما الحان عمر نے ایران میں ہونے والی حالیہ بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایک اسکول پر بمباری کے نتیجے میں معصوم طالبات کو قتل کیا گیا جو کہ انسانیت سوز عمل ہے۔
الحان عمر نے صدر ٹرمپ کی انتخابی حکمت عملی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ اب یہ جان چکے ہیں کہ وہ شفاف طریقے سے الیکشن نہیں جیت سکتے، اسی لیے وہ جنگوں کا سہارا لے رہے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ صدر ٹرمپ انتخابی مہم کے دوران خود کو جنگوں کے خلاف ظاہر کرتے تھے لیکن اقتدار میں آکر ان کا رویہ بالکل اس کے برعکس ہے۔ امریکی سیاست میں ان تندوتیز بیانات نے ایک نیا ہیجان پیدا کر دیا ہے اور ڈیموکریٹس نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اس جنگ کو کسی صورت جائز تسلیم نہیں کریں گے۔
