پاکستان افغانستان سے برادرانہ تعلقات کا خواہاں، افغان حکومت عوامی مفاد پر توجہ دے: میر ضیاء اللہ لانگو


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر داخلہ میرضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے ساتھ برادر ملک کی طرح تعلقات قائم رکھے ہیں اور مستقبل میں بھی ایک اچھے ہمسائے اور بھائی کی طرح رہنے کا خواہاں ہے۔
کوئٹہ میں اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کا خواہاں ہے، تاہم افغانستان کی موجودہ قیادت کو چاہیے کہ وہ بیرونی طاقتوں کے مفادات کے بجائے اپنے عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دے۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ ماضی میں افغانستان کی حکومتیں بیرونی قوتوں کے مفادات کی خاطر اپنے ملک کو جنگوں میں دھکیلتی رہی ہیں، جس کا نقصان افغان عوام کو اٹھانا پڑا۔ انہوں نے زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ افغانستان دہشت گردی اور دیگر ممالک کے ایجنڈوں سے نکل کر اپنے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 25 برسوں کے دوران افغانستان نے بعض اوقات دیگر ممالک، خصوصاً India کے مفادات کو ترجیح دی، جس سے خطے میں بداعتمادی پیدا ہوئی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو باہمی احترام، اعتماد اور تعاون کے ذریعے تعلقات کو مضبوط بنانا چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert