سندھ میں تعلیمی ادارے یکم اپریل سے کھولنے کا اعلان

کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ حکومت نے صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کی چھٹیوں کے اختتام کا اعلان کر دیا ہے اور بتایا ہے کہ فزیکل کلاسز کے حتمی شیڈول کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق، سندھ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ صوبے بھر میں تعلیمی اداروں میں جاری تعطیلات 31 مارچ کو ختم ہو جائیں گی۔
اس سے پہلے سٹیئرنگ کمیٹی کے متعین فیصلے کے مطابق نئے تعلیمی سال کی تیاریوں کا آغاز ہو گیا ہے اور یکم اپریل سے تعلیمی عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
تعلیمی حکام کے مطابق نئے تعلیمی سال میں صوبے بھر میں یکم اپریل سے کلاسز شروع کی جائیں گی اور تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ اس بار اولین ترجیح آن لائن کلاسز کے بجائے فزیکل کلاسز (حاضری کے ساتھ) بحال کرنا ہے تاکہ طلبہ کے تعلیمی مسائل حل کیے جا سکیں۔
یاد رہے کہ حالیہ قومی اور علاقائی صورتحال کے پیش نظر، ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے تمام تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس دوران تعلیمی نظام متاثر رہا۔
ذرائع کے مطابق فزیکل کلاسز کے حتمی شیڈول کا اعلان سندھ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا، جس میں سیکیورٹی، ایندھن کی صورتحال اور تعلیمی کیلنڈر کا جائزہ لیا جائے گا اور باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
والدین اور طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یکم اپریل سے اسکولز کے آغاز کے لیے تیار رہیں، تاہم حتمی اعلان کابینہ کے فیصلے کے بعد کیا جائے گا۔
