190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت، نیب کا اپیلوں پر نوٹس کے بغیر سماعت پر اعتراض، بیرسٹر سلمان صفدر کا 14 ماہ سے جاری التوا پر شدید احتجاج

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائی کورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر ہونے والی اہم سماعت پیر تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے کی، جس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر جبکہ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید اشرف اور رافع مقصود عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران نیب اسپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سزا معطلی کی درخواستوں کی قابل سماعت ہونے سے متعلق دو متفرق درخواستیں دائر کی گئی ہیں، نیب قانون میں حالیہ تبدیلی کے بعد اپیلوں پر نوٹس جاری کیے بغیر سزا معطلی کی درخواستیں نہیں سنی جا سکتیں، اگر دفاعی وکلاء اپیلوں پر دلائل دینا چاہتے ہیں تو آج سے ہی آغاز کریں۔
اس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہر بات پراسیکیوشن کی نہیں مانی جائے گی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جنوری 2025ء میں سزائیں ہوئیں اور اب تقریباً 14 ماہ گزر چکے ہیں، اس طویل عرصے کے دوران پراسیکیوشن کی جانب سے مسلسل التوا مانگا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید موقف اپنایا کہ بشریٰ بی بی ٹرائل کے دوران بھی ضمانت پر تھیں اور اب ان کے میڈیکل گراؤنڈز بھی موجود ہیں، سائفر کیس کی اپیل میں دلائل کے لیے ہمیں 3 ماہ لگے تھے، ہم ابھی مرکزی اپیل پر نہیں بلکہ صرف سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی چاہتے ہیں۔
اسپیشل پراسیکیوٹر نے اعتراض اٹھایا کہ آج سزا معطلی کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر ہی نہیں ہیں، جس پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے استفسار کیا کہ اگر ہفتے میں 2 دن دیے جائیں تو کیا دلائل مکمل ہو سکتے ہیں؟ سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ 5 ماہ سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی جس کی وجہ سے وہ اپیلوں پر دلائل کے لیے اپنے موکلین سے ضروری ہدایات نہیں لے سکے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بار بار گرفتار کیا جاتا ہے اور پھر رہائی کے احکامات جاری ہوتے ہیں، نیب کسی صورت نہیں چاہتا کہ ضمانت کی درخواست سنی جائے جبکہ نیب کیسز میں تو خواتین کو 15، 15 دن میں ضمانتیں مل جاتی ہیں۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ نیب کی جانب سے دیا گیا آپشن بہتر ہے، آپ ہفتے میں دو دن لے لیں، تاہم بیرسٹر سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ہدایات لینے کے لیے مزید مہلت کی استدعا کر دی جس کے بعد عدالت نے سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔
